آج ہم فیچر کے بارے میں تفصیل سے پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش کریں گے ۔ فیچر کیا ہے ، مضمون ، سفر نامہ اور رپورتاژ میں فرق کیا ہے ؟ یہ سب کچھ اس تحریر میں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
سوال : فیچر کی تعریف کریں اور وضاحت کریں نیز فیچر ، مضمون ، سفر نامہ اور رپورتاژ میں کیا فرق ہے ؟
فیچر : (Feature )
فیچر ایک ہلکا پھلکا مضمون ہوتا ہے جس میں کسی ادارے ، شئے یا فرد پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے اہم اور مختلف پہلووں کو نمایاں کیا جاتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے ذریعے خبریں ہم تک پہنچتی ہیں۔ اس کے باوجود بہت سے حقائق مخفی ہوتے ہیں ، انھیں فیچر میں قلمبند کیا جاتا ہے ۔
فیچر کی وضاحت:
فیچر کی اصطلاح کئی معنوں میں رائج ہے مثلاً اگر کسی خبر کے ایک پہلو کو نمایاں کرنا مقصود ہو تو ایڈیٹر اپنے ماتحت کار کن سے کہتا ہے اس پہلو کو فیچر کیا جائے یعنی اس تحریر کو نمایاں کر کے تحریر کی جائے ۔ اگر کوئی ایسی خبر آئے جس میں انسانی دلچسپی کے خاص پہلو موجود ہوں اور ڈرامائی پیشکش کا امکان موجود ہو تو کہا جاتا ہے کہ اس کا فیچر بنا دو ۔
اقسام : مستقل عنوان کے تحت جو خاص کالم دیے جاتے ہیں انہیں مستقل فیچر بھی کہا جاتا ہے اور بوقتِ ضرورت بھی فیچر لکھا جا سکتا ہے ۔ فیچر اس مضمون کو بھی کہتے ہیں جس کے اسلوب تحریر میں نیم ڈرامائی ، داستانی اور قارین سے براہ راست گفتگو کا انداز نمایاں ہو اور یہ ایک ایسی بے تکلفی اور بے ساختگی سے عبارت ہو کر ہر کسی کا پڑھنے کو دل چاہے ۔ گویا فیچر میں ابلاغ کو آسان اور ہمہ گیر بنایا جاتا ہے تاکہ قارئین اس سے دلچسپی لیں اور یہی مصنف اور مدیر کا مقصد ہوتا ہے اس وجہ سے اخبارات کی اشاعت بڑھنے لگتی ہے ۔ جب مقصد یہ ٹھہرا کہ اخبارات عوام تک پہنچیں اور ان کی اشاعت بڑھے تو یہ بھی محسوس ہوا کہ زبان زد عام ہو اور سادہ ہو اسلوب تحریر دلچسپ اور پر کشش ہو تا کہ لوگ اس کو پڑھنے میں دلچسپی ظاہر کریں ۔
فیچر کا ارتقاء: فیچر کا جب آغاز ہوا تو مدتوں فیچر اور عام مضامین میں امتیاز باقی رہا اور ان دونوں کو الگ الگ صنف سمجھا گیا ۔ فیچر کے ضمن میں یادگاری ، شخصی ، تحقیقی ، تاریخی ، نفسیاتی ، سائنسی اور عمومی مضامین اور سفرنامے اور رپور تاش بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
مندرجہ بالا وضاحت سے معلوم ہوا کہ فیچر ، مضمون ، سفرنامہ اور رپورتاژ کوئی الگ الگ تحاریر نہیں بلکہ تھوڑے امتیاز کے ساتھ ایک دوسرے سے ملتے جلتے مضامین ہیں ۔
عزیز طلباء اپنے استاد صاحب کی رہنمائی میں مندرجہ ذیل شہروں کی وجہ شہرت ، وجہ ، تسمیہ ، خاص مقامات اور مشہور شخصیات کے بارے میں جانیں اور ان پر ایک فیچر لکھیں ۔
1۔ کراچی
2 ۔ لاہور
3 ۔ مالا کنڈ ڈویژن
4 ۔ جہلم
5 ۔ ٹھٹہ
نوٹ : امید ہے کہ آپ فیچر کے بارے میں تفصیل سے آشنا ہو چکے ہوں گے ۔ اگر اس پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی نظر آئے یا اس کو مزید بہتر کیسے کیا جائے تو کومنٹس میں ہماری ضرور اصلاح فرمائیں اور اگر اس سے متعلقہ کچھ سمجھ نہ پائیں تو بھی کومنٹس کر کے پوچھ سکتے ہیں ۔
شکریہ
Discover more from Shami Voice
Subscribe to get the latest posts sent to your email.