آج کی اس پوسٹ میں ہم فعل کی تعریف اور اس کی مختلف اقسام کی وضاحت مثالوں کی مدد سے کریں گے ۔
سوال : فعل کی تعریف کریں اور زمانے کے لحاظ سے فعل کی اقسام کی وضاحت مثالوں کی مدد سے کریں ۔
فعل : فعل سے مراد وہ کلمہ ہوتا ہے جو کسی کام کے کرنے کو ظاہر کرے۔
جیسے: ایمن صبح سویرے اٹھتی ہے۔ شاکرہ چائے پیتی ہے۔ بکری نے گھاس کھائی وغیرہ۔ ان جملوں میں اٹھتی ہے، پیتی ہے اور کھائی وغیرہ فعل ہیں۔
زمانے کے لحاظ سے فعل کی اقسام مندرجہ ذیل اقسام ہیں:-
1۔ فعل ماضی 2۔ فعل حال 3۔ فعل مستقبل
2۔ فعل ماضی: وہ فعل ہے جو کسی گزرے ہوئے زمانے میں وقوع پذیر واقعے کو ظاہر کرے۔
ماضی کی پہچان: فعل ماضی کی پہچان تین الفاظ ہیں ۔ تھا ، تھی اور تھے وغیرہ یا ان کو ہم الف ، ی اور ے سے بھی ظاہر کر سکتے ہیں ۔
جیسے: کامران نے پنجم کے امتحان میں وظیفہ حاصل کیا۔ ناصرہ نے خط لکھا۔ خالدہ نے امتحان دیا اور سعد نے کتاب لکھی وغیرہ۔
مندرجہ بالا جملوں میں کیا ،لکھا ، دیا اور لکھی فعل ماضی کو ظاہر کرتے ہیں ۔
2۔ فعل حال : فعل حال ایسے فعل کو کہتے ہیں جس سے یہ ظاہر ہو کہ مذکورہ کام موجودہ وقت میں وقوع پذیر ہو رہا ہے۔
جیسے : نعمان خط لکھتا ہے ، اشرف خط لکھ رہا ہے ، یونس خط لکھ چکا ہے، یوسف کرکٹ کھیلتا ہے اور بلال کتاب پڑھتا ہے وغیرہ۔
مندرجہ بالا جملوں میں لکھتا ہے ، لکھ رہا ہے ،لکھ چکا ہے ، کھیلتا ہے اور پڑھتا ہے وغیرہ فعل حال کو ظاہر کرتے ہیں ۔
3۔ فعل مستقبل: ایسا فعل جس سے آنے والے زمانے میں وقوع پذیر ہونا ظاہر ہو۔
جیسے: میں جھوٹ نہیں بولوں گا۔ قادر بازار جائے گا اور قاسم دوڑے گا وغیرہ۔
مندرجہ بالا جملوں میں بولوں گا ، جائے گا اور دوڑے گا وغیرہ کے الفاظ فعل مستقل ( آنے والے زمانے) کو ظاہر کرتے ہیں ۔
نوٹ: فعل کی دیگر تین اقسام اور بھی ہیں اور وہ یہ ہیں:- 1۔فعل مضارع 2۔فعل امر 3۔فعل نہی
2۔ فعل مضارع : وہ فعل جس میں موجودہ اور آئندہ دونوں زمانوں کا اثر پایا جائے فعل مضارع کہلاتا ہے ۔
مثلاً وہ آئے ۔ وہ جائیں۔ ہم کھائیں۔ تم جاؤ وغیرہ۔
2۔ فعل امر : وہ فعل جس میں کسی کام کے کرنے کا حکم موجود ہو ۔
جیسے : یہ کام کرو، سچ بولو، اٹھ کر بیٹھ جاؤ اور چل باہر نکل وغیرہ ۔
3۔ فعل نہی : وہ فعل جس میں کسی کام کے کرنے سے منع کیا گیا ہو ۔
مثلاً : مت سنو ،جھوٹ مت بولو، نہ آؤ اور مت چھوڑو وغیرہ ۔
نوٹ : امید ہے کہ آپ فعل اور فعل کی تمام اقسام کے بارے میں تفصیل سے جان چکے ہوں گے ۔ اگر اس پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی نظر آئے یا اس کو مزید بہتر کیسے کیا جائے تو کومنٹس میں ہماری ضرور اصلاح فرمائیں اور اگر اس سے متعلقہ کچھ سمجھ نہ پائیں تو بھی کومنٹس کر کے پوچھ سکتے ہیں ۔
شکریہ
Discover more from Shami Voice
Subscribe to get the latest posts sent to your email.