ذو معنی الفاظ سے کیا مراد ہے ؟ مثالیں دیں ۔

  عزیز طلباء آج ہم اس پوسٹ میں ذو معنی( ایک سے زائد معنی رکھنے والے الفاظ ) الفاظ کی تعریف اور وضاحت کے بارے میں پڑھیں گے ۔

سوال : ذو معنی الفاظ کی تعریف کریں اور مثالیں دیں ۔

ذو معنی الفاظ: ذو معنی الفاظ ایسے الفاظ ہوتے ہیں جن کا املا تو ایک جیسا ہو لیکن ان کے معنی ایک سے زیادہ ہوں۔ بعض اوقات ان میں سے ایک معنی مؤنث جبکہ دوسرا مذکر کے طور پر استعمال ہوتا ہے ۔

مثلاً

قلم : قلم لکھنے کے لیے استعمال ہونے والا آلہ بھی ہوتا ہے  اور پودے کی قلم بھی ہوتی ۔ 

کان : کان کسی قیمتی چیز کا ذخیرہ یعنی کوئلے یا سونے وغیرہ کی کان اور جسم کا ایک حصہ بھی کان کہلاتا ہے ۔ اب مزید کوئی مثال آپ دیں جو ذو معنی الفاظ کو ظاہر کرے یا

کچھ الفاظ میں لکھ رہا آپ لغت سے ان کے معنی تلاش کریں تا کہ ذو معنی الفاظ کی پہچان بہتر طریقے سے ہو سکے ۔

من ، مالٹا ، دام ، بیل ، مار ، لگن ، مغرب ، بیت ، کف اور اردو وغیرہ ۔

اب آپ ان الفاظ کو ذو معنی الفاظ بنا کر کے دو دو معنی لکھیں اور انھیں جملوں میں بھی استعمال کریں ۔

ذو معنی الفاظ کے علاوہ ذو معنی اشعار بھی ہوتے جن کے ایک سے زائد معنی ہوتے ہیں ۔ دیکھئے چند اشعار ، وضاحت اور ان کے معنوں پر غور کریں ۔ 

مثال نمبر 1 
کل جو مسجد میں جا پھنسے مومن
رات کاٹی خدا خدا کر کے

وضاحت: اس شعر کے دو مفہوم ہیں ایک تو خدا خدا کا مطلب ہے کہ بڑی مشکل سے اور دوسرا اللہ اللہ کرنا یعنی اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنا ۔

مثال نمبر 2 

مگس کو باغ میں جانے نہ دینا
کہ ناحق خون پروانے کا ہوگا
وضاحت: شاعر کہتا ہے کہ اگر باغ میں مگس ( شہد کی مکھی ) چلی گئی تو وہ وہاں شہد تیا کرے گی اس سے موم نکلے گا ۔ جس کی شمع بن کر جلے گی اور اس پر پروانہ آ کر مرے گا۔

مثال نمبر 3
 دعویٰ کروں گا حشر میں موسیٰ پہ قتل کا
کیوں اس نے آب دی مرے قاتل کی تیغ کو


وضاحت: شاعر کہتا ہے کہ موسیٰ ؑ نے طور پر رب ارنی کہا، طور تجلیِ رب کی تاب نہ لاتے ہوئے جل کر سرمہ بنا، جسے محبوب نے آنکھ میں لگایا اور یوں اسکی حسین آنکھیں قاتل بنیں اور میرا قتل ہوگیا ۔

مثال نمبر 4
گھر مرے مہمان آیا،تمہارے باغ میں سویا
سر اس کا کاٹ کر لادو کہ دعوت مہماں کی ہے

وضاحت: یہاں سویا سے وہ سویا(سبزی) مراد ہے جو چٹنی وغیرہ میں ڈال کر کھایا جاتا ہے ۔ شاعر اس کی کونپل منگوانا چاہتا ہے ۔

نوٹ : امید کرتا ہوں کہ آپ کو ذو معنی الفاظ کی سمجھ آ چکی ہو گی ۔ اگر اس پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی نظر آئے یا اس کو مزید بہتر کیسے کیا جائے تو کومنٹس میں ہماری ضرور اصلاح فرمائیں اور اگر اس سے متعلقہ کچھ سمجھ نہ پائیں تو بھی کومنٹس کر کے پوچھ سکتے ہیں ۔
شکریہ


Discover more from Shami Voice

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Reply