خط یا مکتوب نویسی سے کیا مراد ہے ؟ تعریف ، اقسام اور وضاحت بیان کریں ۔
خط یا مکتوب نویسی:
خط وہ تحریر ہے جو فاصلے اور دوری کے باعث لکھی جاتی ہے گویا خط ایک طرح کی تحریری گفتگو ہے ۔ اس لیے اسے نصف ملاقات بھی کہا جاتا ہے ۔ کبھی کبھی ہم اپنے والدین ، بہن ، بھائیوں ، عزیزوں اور دوستوں کو خط لکھ کر دل کی بات کہتے ہیں کیونکہ وہ ہم سے دور بستے ہیں اور ہم ان کے پاس نہیں جا سکتے ۔ کبھی ہم اپنے ہی شہر میں اپنوں کو خط لکھتے ہیں کیونکہ مصروفیت کے باعث ہم ان کے پاس جا کر بات چیت نہیں کر سکتے ۔
وضاحت : خط کی زبان سادہ شگفتہ اور روزمرہ کی بول چال کے مطابق ہونی چاہیے تاکہ اسے پڑھ کر وہی لطف حاصل ہو جو آپس کی ملاقات سے ہوتا ہے ۔ خط لکھنا بھی ایک فن ہے جس کی مشق سے مہارت حاصل ہو سکتی ہے ۔ خط کو نصف ملاقات بھی اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ اس سے ملاقات کا مقصد اس حد تک پورا ہو جاتا ہے کہ اپنی بات دوسروں تک پہنچائی جا سکتی ہے ۔ لکھ کر اپنی بات دوسروں تک پہنچانا ہی خط کہلاتا ہے ۔ خط میں وہی انداز ملحوظ رکھے جاتے ہیں جو ملاقات کے دوران میں پیش نظر رکھے جاتے ہیں ۔
غالب نے اس ضمن بڑا کام کیا ۔ غالب کے خطوط ان کا بہترین نثری سرمایہ گردانا جاتا ہے ۔ غالب نے خطوط کے سلسلے میں ایسا انداز تخاطب ایجاد کیا کہ جس سے قارئین کی خطوط میں دلچسپی پیدا ہوئی ۔ پرانے رسم و رواج کو ترک کر کے غالب نے ایک نئی وضع ایجاد کی ۔
رشید احمد صدیقی کے خطوط ، خطوط کے زمرے میں آتے ہیں جن میں بے تکلفی سے انہوں نے اپنے حالات اور کیفیات کو بیان کیا ہے ۔ یوں لگتا ہے کہ وہ مکتوب الیہ کے سامنے بیٹھے اس سے باتیں کر رہے ہیں ۔ مکتوب الیہ وہ ہوتا ہے جس کے نام خط لکھا جاتا ہے ۔ خط لکھنا باقاعدہ ایک فن ہے جس میں انسانی جذبات کے ساتھ ساتھ سادگی ، بے ساختگی ، بے تکلفی اور پرکاری کا واضح عنصر موجود ہوتا ہے ۔
اقسام : بعض خطوط ملکی حالات پیش کے پیش نظر کاروبار یا کسی تقریب اور دعوت نامہ کے حوالے سے بھی لکھے جاتے ہیں ۔ خطوط کی ان قسموں میں شخصی خطوط ، عمومی خطوط ، رسمی خطوط یا دعوت نامے وغیرہ کاروباری خطوط اور درخواست وغیرہ شامل ہیں۔ اس ضمن میں آپ نے غالب کے خطوط کا مطالعہ کیا ہے ۔ یہ خطوط ذاتی یا شخصی نوعیت کے ہیں ۔
نوٹ : اگر اس پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی نظر آئے یا اس کو مزید بہتر کیسے کیا جائے تو کومنٹس میں ہماری ضرور اصلاح فرمائیں اور اگر اس سے متعلقہ کچھ سمجھ نہ پائیں تو بھی کومنٹس کر کے پوچھ سکتے ہیں ۔
شکریہ
Discover more from Shami Voice
Subscribe to get the latest posts sent to your email.