ححرف کی تعریف کریں اور وضاحت بیان کریں اور مختلف حروف کا استعمال مثالوں کے ساتھ بیان کریں ۔
حرف : حرف ایسا کلمہ جو تنہا کوئی معنی واضح نہ کرے جبکہ جملے میں آ کر اس کے مطلب کو مکمل واضح کر دے جیسے گلاس میں پانی ہے۔ احمد کالج میں پڑھتا ہے۔ احمد نے ثاقب کو مارا ۔ مجھے ناصر سے ملنا ہے۔
ان جملوں میں( میں ، نے ،کو ، اور سے) حروف ہیں۔ اگر ان حروف کو جملوں میں سے نکال دیا جائے تو یہ جملے نہیں بلکہ حروف کا مجموعہ قرار پائیں گے ۔
ذیل میں حروف اور ان کا استعمال اور مثالیں ملاحظہ ہوں: ۔
1۔حروف جار :
وہ حروف ہیں جو اسم کو دوسرے اسم کے ساتھ اور فاعل کو فعل کے ساتھ ملاتے ہیں ۔ وہ یہ ہیں:- میں، سے ،تک، اوپر، نیچے ،آگے ،پیچھے، اندر، باہر اور درمیان وغیرہ۔
2۔ حروف علت : علت وجہ کو کہتے ہیں۔ وہ حروف ہیں جو کسی بات کے سبب کو ظاہر کریں جیسے تاکہ، لہذا، کیونکہ، کہ، سوا ، اس واسطے وغیرہ ۔
3۔حروف عطف: وہ حروف ہیں جو دو اسموں ، دو فعلوں اور دو جملوں کو آپس میں ملائیں حروف عطف کہلاتے ہیں ۔ جیسے و ، اور ، کر کے ، پھر وغیرہ ۔
مثالیں : شام و سحر ، دن اور رات ، وہ آیا پھر چلا گیا، اسلم آ کے چلا گیا، سعید آیا کھانا کھا کر چلا گیا وغیرہ ۔
4۔حروف شرط و جزا : وہ حروف ہیں جو شرط کے موقع پر بولے جاتے ہیں حروف شرط کہلاتے ہیں۔ جیسے اگرچہ ، وگرنہ، ورنہ، نہیں تو ، ہر چند وغیرہ ۔ وہ حروف جو شرط کے جواب میں بولے جائیں حروف جزا کہلاتے ہیں۔ جیسے تب، تو، سو، جیسے وغیرہ۔
5۔ حروف افسوس: وہ حروف جو اظہار افسوس کرتے وقت گھبراہٹ اور تکلیف میں بولے جاتے ہیں وہ مندرجہ ذیل ہیں:- حیف ، صد حیف ،افسوس، صد افسوس، اف، ہائے ہائے ،آہ وغیرہ۔
6۔ حروف تاکید: وہ حروف جو کسی کام کو کرتے وقت تاکید کے طور پر بولے جاتے ہیں۔ جیسے:- ضرور، سراسر، بے شک ، ہرگز وغیرہ ۔
7۔حروف ندا: وہ حروف جو کسی کو پکارتے وقت بولے جائیں انہیں منادی حروف بھی کہتے ہیں۔
جیسے:- اے، ابے، ارے، او ، اجی یا وغیرہ ۔
8۔ حروف انبساط : وہ حروف جو کسی خوشی یا مسرت کے موقع پر بولے جاتے ہیں ۔
جیسے :- واہ واہ، سبحان اللہ، ماشاءاللہ، آہا ، او ہوہو وغیرہ ۔
9۔ حروف تعجب:
وہ حروف جو کسی عجیب چیز کو دیکھنے کے بعد حیرت کے اظہار کے طور پر بولے جاتے ہیں۔
جیسے :- اللہ اللہ، اللہ اکبر، واہ رے کیا ؟ وغیرہ ۔
10۔ حروف ایجاب: وہ حروف ہیں جو کسی سوال کے جواب یا کسی کے کچھ پوچھنے پر جواب کے طور پر بولے جاتے ہیں ۔
:- جیسے جی جی، ہاں، اچھا، بہت اچھا، واقعی، ٹھیک، درست ،کیوں نہیں، بجا وغیرہ ۔
11۔ حروف بیان :- وہ حروف جو کسی بات کی وضاحت کرنے کے لیے دو جملوں کے درمیان بولے جاتے ہیں۔
:- جیسے کہ، تاکہ، مبادہ وغیرہ ۔
12۔حروف نفی :- وہ حروف ہیں جو انکار کے معنوں میں استعمال ہوتے ہیں ۔
جیسے :- نہ کہ ، مت وغیرہ۔
13۔ حروف تحسین :- وہ حروف جو کسی کی تعریف کرنے اور اس کی کارگزاری پر شاباش دینے کے لیے بولے جاتے ہیں ۔
جیسے:- سبحان اللہ، مرحبا، جزاک اللہ، زندہ باد اور کیا کہنے وغیرہ ۔
14۔حروف نفرت:- یہ وہ حروف ہیں جو نفرت لعنت اور پھٹکار کے موقع پر بولے جاتے ہیں۔
:- جیسے تف، لعنت ،پھٹکار، تھو، در در وغیرہ ۔
15۔ حروف استفہام :- یہ حروف کسی سے سوال کرنے اور کچھ پوچھنے کے موقع پر بولے جاتے ہیں ۔
جیسے:- کیا، کیسے، کیوں، کب ،کس واسطے، کس لیے۔ وغیرہ ۔
Discover more from Shami Voice
Subscribe to get the latest posts sent to your email.