آج کی اس پوسٹ میں ہم تلخیص نگاری کی تعریف اور تلخیص نگاری کے فن اور اصول و ضوابط پر بحث کریں گے ۔
سوال : تلخیص نگاری سے کیا مراد ہے ؟ تعریف کریں اور ایک اقتباس کی تلخیص کریں ۔
تلخیص :
تلخیص کا لغوی معنی خالص کرنا ، پاک صاف کرنا ، خلاصہ کرنا ، مختصر کرنا ، انتخاب یا چناؤ کے ہیں ۔
اصطلاحی لحاظ سے کسی عبارت یا مضمون کے زائد حصہ کو نکال کر اس طرح اختصار سے بیان کرنا کہ کوئی بھی اہم بات رہ نہ جائے تلخیص نگاری کہلاتا ہے ۔ تلخیص کسی چیز کے نچوڑ یا خلاصہ یا اختصار کو کہا جاتا ہے اور یہ اصل عبارت کا ایک تہائی حصہ ہوتی ہے ۔ عام طور پر کتب یا مضامین کی خلاصہ نگاری تلخیص کہلاتی ہے۔ عام طور پر تلخیص کا مطلب دریا کو کوزے میں بند کرنا بھی کہلاتا ہے ۔ یہ تشریح کی ضد ہے اور تفسیر کے برعکس ہے ۔ اسے انگریزی میں( Abridgement )کہتے ہیں ۔
تلخیص نگاری میں عام طور پر حروف کو گن لیا جاتا ہے اور ان حروف کا ایک تہائی حصہ تلخیص کہلاتا ہے ۔ مثلاً اگر اقتباس میں حروف کی تعداد 100 ہے تو تلخیص شدہ اقتباس کی تعداد تیس سے چھتیس کے درمیان ہونی چاہیے ۔ دو چار لفظ آگے پیچھے ہونے سے کچھ نہیں ہوتا ۔
عزیز طلبا یہ ایک اقتباس نمونے کے طور پر دیا جا رہا ہے ۔ آپ اس کی تلخیص کریں اور پہلے اور بعد والے حروف کی تعداد بھی لکھیں ۔
اقتباس یہ ہے :-
امتحان کے بعد جب عالیہ نے سر اٹھایا تو بہار جا چکی تھی ۔ ہواؤں میں گرمی بس گئی تھی ۔ نالی سے ڈھیروں پانی کیاری میں جاتا مگر پھولوں پر رونق نہ آتی ۔ پتیاں مرجھا مرجھا کر جھڑتی رہتیں ۔ مارے پیاس کے ننھی ننھی چڑیوں کی چونچیں کھلی رہتی اور چولے کے پاس کام کرنے والی کریمن بوا کے ہاتھ سے پنکھیاں نہ چھوٹتی ۔ شام کو صحن ٹھنڈا کرنے کے لیے کتنی ہی پانی کی بالٹیاں چھڑک دی جاتی ۔ پھر بھی سکون نہ ملتا ۔ سارا ماحول جل رہا تھا ۔ ان بے کار ، ویران اور گرم دنوں میں بڑی چچی نے چھمی کے جہیز کے پانچ جوڑے اس کے سپرد کر دیے ۔ دوپہر میں جب سناٹا چھا جاتا تو وہ مشین پر کپڑے سینے بیٹھ جاتی ۔ بڑی چچی سے تو اب کچھ بھی نہ ہوتا تھا ۔ وہ ہر وقت بجھی بجھی سی رہتی ۔ ان کا کسی کام میں جی نہ لگتا اور اماں تو ویسے بھی چھمی کو برداشت نہ کرتی ۔ ان کا بس چلتا تو جہیز کے کپڑوں سے چھمی کا کفن ہی سی ڈالتی ۔ بس ایک عالیہ رہ گئی تھی جو بڑے خلوص سے چھمی کے کپڑے سی رہی تھی اور ہر وقت چھمی کے اچھے نصیب کی دعائیں کرتی تھی ۔
نوٹ : امید ہے کہ آپ تلخیص نگاری کے فن سے آگاہ ہو چکے ہوں گے ۔ اگر اس پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی نظر آئے یا اس کو مزید بہتر کیسے کیا جائے تو کومنٹس میں ہماری ضرور اصلاح فرمائیں اور اگر اس سے متعلقہ کچھ سمجھ نہ پائیں تو بھی کومنٹس کر کے پوچھ سکتے ہیں ۔
شکریہ
Discover more from Shami Voice
Subscribe to get the latest posts sent to your email.