آج کی اس پوسٹ میں ہم تلخیص نگاری کی تعریف ، ہدایات اور لکھنے کے اصول و ضوابط بیان کریں گے ۔
سوال: تلخیص نگاری سے کیا مراد ہے ؟ تلخیص نگاری کی تعریف ، ضروری ہدایات اور اصول بیان کریں ۔
تعریف اور مفہوم: تلخیص عربی زبان کا لفظ ہے جس کے لغوی معنی خلاصہ کرنا ، خلاصہ ، پاک صاف کرنا ، طویل بیان کو مختصر کرنا وغیرہ ہے ۔
(بحوالہ فیروز و لغات صفحہ نمبر 403 جدید اردو لغت صفحہ نمبر 235)
اصطلاحی لحاظ سے تلخیص نگاری سے مراد ” طویل اقتباس کے غیر ضروری حصوں کو الگ کر کے اس کی اصل مفہوم کو بیان کر دیا جائے کہ کوئی اہم اور ضروری بات عبارت سے رہ نہ جائے ۔ “
یا
کسی اقتباس کا ایک تہائی حصہ جو اس کا نچوڑ ظاہر کرے اور ہے اہم بات کو احاطہ تحریر میں لائے اسے تلخیص نگاری کہتے ہیں ۔
اہم ہدایات اور اصول و ضوابط:-
تلخیص نگاری کے کچھ اصول اور قواعد ہیں جن کی پاسداری ضروری ہے ورنہ نمبر کم ہو جائیں گے ۔ ان اصولوں کو ذیل میں درج کیا جاتا ہے ۔
1 ۔ سب سے پہلے تلخیص کے لیے دی گئی عبارت کو اچھی طرح دو تین بار پڑھیں ۔ آپ محسوس کریں گے کہ اس میں بعض الفاظ ضرورت سے زائد ہیں اور بعض عبارت کی آرائش و زیبائش کے لیے استعمال کیے گئے ہیں چنانچہ ان تمام زائد الفاظ سے قطع نظر کرتے ہوئے عبارت کے اہم نکات لینے چاہیے ۔ مثال کے طور پر ” انسان ایک ایسی ہستی بنایا گیا ہے جس کی فطرت میں آزادی اور خود مختاری رکھی گئی ہے وہ ذی روح اور ذی شعور ہے ” مندرجہ بالا طویل جملے کو مختصر جملے میں یوں سمیٹا جا سکتا ہے کہ ” ذی شعور انسان فطرتاً آزاد اور خود مختار ہے ” ۔
2 ۔ تلخیص اصل عبارت کی ایک تہائی ہونی چاہیے لہذا اصل عبارت کے کل الفاظ کی گنتی کیجئے اور پھر” اہم نکات ” کے الفاظ کی گنتی کریں ۔ اگر یہ اصل اقتباس کا ایک تہائی ہوں تو ٹھیک ورنہ ضرورت کے مطابق الفاظ کم یا زیادہ کر لیجئے ۔
3 ۔ اہم نکات ” رف عمل ” کے عنوان کے تحت تحریر کریں اور آخر میں اسے کاٹ دیں ۔
4 ۔ اب صاف عمل کی سرخی دیجئے اور صاف عمل کے بعد کل الفاظ اور تلخیص شدہ الفاظ کی تعداد لکھیے ۔
5 ۔ ” مناسب عنوان ” کی سرخی کے تحت موضوع عنوان لکھیے ۔ عنوان دو یا تین الفاظ پر بھی مشتمل ہو سکتا ہے لیکن عنوان مترادف ہوں متضاد نہ ہوں اور عنوان عبارت کا نمائندہ ہو ۔ مصرعے یا جملے سے پرہیز کریں ۔ ایسا نہ کریں کہ کسی جملے یا اقتباس سے ہی ہو بہو الفاظ عنوان کے لیے لیں ۔ عنوان مختصر اور جامع ہو عبارت کا عنوان عمومی طور پر اصل عبارت کے شروع یا آخر میں ہوتا ہے ، کبھی کبھی درمیان میں بھی ہوتا ہے ۔
6 ۔ ندائیہ اور سوالیہ فقروں کو تلخیص کے دوران میں سادہ فقرات میں لکھیں اور تشبیہات ، استعارات یا محاورات وغیرہ ہرگز استعمال نہ کریں ۔ اس سے تلخیص کا عمل غلط ثابت ہو سکتا ہے ۔
7 ۔ تلخیص کا ایک اقتباس (پیراگراف ) بنائیں ۔
8 ۔ اشعار کو پہلے نثر میں تبدیل کریں اور پھر شعر کا مفہوم نثر میں مختصر تحریر کریں ۔
9 ۔ مکالماتی انداز کو بیانیہ انداز میں بدل دینا چاہیے ۔
10 ۔ مفہوم اپنے الفاظ میں بیان کریں ۔ ہو بہو اقتباس کو نقل نہ کریں۔
11 ۔ زبان سادہ ، عام فہم اور آسان ہو ۔ تشبیہات و استعارات سے گریز کریں ۔
12 ۔ عبارت زیادہ اقتباسات( پیراگراف) پر مشتمل ہو تو ایک ہی عبارت میں لکھیں ۔
13 ۔ اپنی طرف سے تنقید یا تبصرہ نہ کریں ۔
14 ۔ خیالات اور مطالب اصلی عبارت والے ہوں ۔
15 ۔ ہم معنی جملوں اور مترادف الفاظ تراکیب کو حذف کر دیں ۔
16 ۔ قواعد اور زبان کی غلطیاں نہ ہوں ورنہ ساری محنت غارت جائے گی ۔
17 ۔ عبارت کے الفاظ کی گنتی کی جائے ہر مفرد لفظ مثلاً کا ، کے ، کی کو ایک گنا جائے ے گا ۔ جب کہ تراکیب ( مرکب الفاظ مرکب اضافی اور مرکب عطفی ) بھی ایک ہی لفظ گنے جائیں گے ۔
18 ۔ صاف لکھنے سے پہلے تین چیزیں دیکھ لی جائیں ۔ الفاظ کی گنتی یاد رہے اور ایک تہائی الفاظ میں کمی بیشی کی اس حد تک اجازت ہے کہ سو ( 100) الفاظ کے اقتباس میں ایک تہائی الفاظ سے تین الفاظ کم یا زیادہ ، ڈیڑھ سو الفاظ کے اقتباس کی تلخیص میں پانچ الفاظ کم یا زیادہ ہو سکتے ہیں جبکہ دو سو الفاظ میں سات الفاظ کم یا زیادہ کی گنجائش ہوتی ہے ۔ الفاظ کو کم کرنے کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ مرکب لفظ لکھ کر مثلاً غفلت کرنے والے کو ” غافل ” ترجمہ کرنے والے کو ” مترجم ” پہنچا ہوا بزرگ کو “خدا رسیدہ ” خیرات کرنے والے کو ” مخیر ” تصویر بنانے والے کو ” مصور ” عمل کا حسن کو ” حسن عمل ” لکھ کر مختصر کیا جا سکتا ہے ۔ دوسری چیز جملوں میں ربط تسلسل ہونا چاہیے اور تیسری چیز تلخیص میں تمام اقتباسات کی تمام اہم باتوں کا حوالہ موجود ہونا چاہیے ۔
19 ۔ صاف کرنے کے لیے سوال نمبر ، کل الفاظ ، تلخیص شدہ الفاظ اور مناسب یا مجوزہ عنوان لکھنے کے بعد تلخیص لکھنی چاہیے ۔
20 ۔ آخر میں تلخیص شدہ عبارت کو ضرور پڑھ لیں تاکہ کوئی اہم نکتہ رہ نہ جائے ۔
نوٹ : امید ہے کہ آپ تلخیص نگاری کے فن سے آگاہی حاصل کر چکے ہوں گے ۔ اگر اس پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی نظر آئے یا اس کو مزید بہتر کیسے کیا جائے تو کومنٹس میں ہماری ضرور اصلاح فرمائیں اور اگر اس سے متعلقہ کچھ سمجھ نہ پائیں تو بھی کومنٹس کر کے پوچھ سکتے ہیں ۔
شکریہ
Discover more from Shami Voice
Subscribe to get the latest posts sent to your email.
ماشاءاللہ بہت خوب
best darknet markets dark web market list
I con’t understand your msg