کہانی کی تعریف ، وضاحت اور کہانی کے اجزا
کہانی: کہانی ہندی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں حکایت، قصہ ،داستان، افسانہ، ذکر بیان، سرگزشت، گزری ہوئی بات، بھولی ہوئی بات، من گھڑت بات وغیرہ وغیرہ۔
(بحوالہ فیروز لغات صفحہ نمبر 1107، جدید اردو لغات صفحہ نمبر 577)
حکایت یا کہانی سننے سنانے کا رواج اس وقت سے شروع ہوا جب سے انسان نے بولنا سیکھا حتی کہ موجودہ جدید سائنسی اور تہذیب یافتہ دور میں بھی کہانی کی مقبولیت اور دلچسپی میں کمی نہیں آئی بلکہ اس میں مسلسل اضافہ ہی ہوتا چلا گیا ۔ قدیم دور میں حکمرانوں نے اپنے ہاں کہانیاں سنانے والے ملازم رکھے ہوئے تھے ۔ جو انہیں اکثر اوقات کہانیاں سناتے رہتے تھے اور حکمران انہیں تنخواہ کے علاوہ انعام و اکرام سے بھی نوازتے تھے ۔ کہانی کے فن نے ترقی کرتے کرتے افسانے ، ناول اور ڈرامے کی صورت اختیار کر لی ۔ چنانچہ داستان ، ناول ، ناولٹ ، افسانہ اور ڈرامہ وغیرہ کہانی کی مختلف صورتیں ہیں۔ اس لیے یہ تمام اصناف کہانی کی ذیل ہی میں آتے ہیں۔ کہانی بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے اور سب ہی کہانی بڑے شوق سے سنتے اور سناتے ہیں ۔ بعض کہانیاں دور رس نتائج کی حامل ہوتی ہیں اور کئی قسم کے اخلاقی اسباق سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ایسی کہانیاں قوم کی تشکیل میں بڑی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ ہر کہانی کے تین مرحلے ہوتے ہیں آغاز ،وسط اور انجام ۔
کہانی کے اجزاء : کہانی کے بنیادی اجزاء تو تین ہیں۔ جن میں پلاٹ وحدت تاثر اور کردار شامل ہیں مگر ایک معیاری داستان مندرجہ ذیل اجزاء سے ترکیب پاتی ہے۔
1۔ پلاٹ
پلاٹ دراصل واقعات کا ڈھانچہ ہوتا ہے جس میں ایک کڑی کو دوسری کڑی سے ملایا جاتا ہے مثلاً ایک کہانی میں ہیرو کسی مقصد کو حاصل کرنا چاہتا ہے مگر بہت سی مخالف قوتیں مزاحم ہوتی ہیں وہ ہمت اور شجاعت کے ساتھ ان کا مقابلہ کرتا ہے اور بالا آخر کامیاب ہو جاتا ہے ۔
2 وحدت تاثر
کہانی میں آغاز سے لے کر انجام تک ایک تاثر قائم رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ قاری کی دلچسپی کہانی سے جڑی رہے ۔
3۔ مثالی کردار
کہانی کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیں مثالی کرداروں سے سابقہ پڑتا ہے۔ ہیرو خوبیوں اور اچھائیوں کا مجموعہ ہوتا ہے ۔ وہ فوق الفطرت قوتوں کا مالک ہوتا ہے۔ ہیرو ہی نہیں کہانی کے سارے انسان خیر کے مجسمے اور بدی کے پیکر ہوتے ہیں۔
4۔ فوق الفطرت عناصر
ہر کہانی میں قدم قدم پر جن ، دیو پریوں سحر، طلمسات ، لوح اور خضر وغیرہ سے ملاقات ہوتی ہے اور ان کے بغیر کسی داستان میں دلچسپی اور دلکشی پیدا ہونا مشکل ہے۔
5 تخیل اور رومان
کہانی گو سامعین کو ایسی دنیائے تخیلات کی سیر کراتا ہے جو ان کے لیے ان دیکھی اور بالکل اجنبی ہوتی ہے۔ گویا اس رومانی اور خیالی دنیا کی ہر شے انوکھی اور نرالی ہوتی ہے۔
Discover more from Shami Voice
Subscribe to get the latest posts sent to your email.