احمد فراز کی شاعری پر نوٹ لکھیں ۔ آج ہم احمد فراز کی شاعری اور زندگی کے نمایاں پہلوؤں پر طائرانہ نظر ڈالتے ہوئے مختصر سوالات پر اکتفا کریں گے ۔ اس سے قبل ہم نے احمد فراز کو تفصیل سے بیان کر دیا ہے ۔ آپ سے پہلے والی پوسٹ پڑھ سکتے ہیں ۔
اب کے ہم بچھڑے تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں
جس طرح سوکھے ہوئے پھول کتابوں میں ملیں
سوال نمبر 1 : احمد فراز کب پیدا ہوئے ؟
جواب : احمد فراز 25 جنوری 1931ء کو پیدا ہوئے ۔
سوال نمبر 2 : احمد فراز کہاں پیدا ہوئے ؟
جواب : احمد فراز خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں پیدا ہوئے ۔
سوال نمبر 3 : ان کے والد کا کیا نام تھا ؟
جواب : احمد فراز کے والد کا نام سید محمد شاہ برق تھا ۔
سوال نمبر 4 : کیا احمد فراز کے والد بھی ایک شاعر تھے ؟
جواب : جی ہاں ، احمد فراز کے والد اردو اور فارسی کے شاعر تھے ۔
سوال نمبر 5 : احمد فراز کا اصل نام کیا تھا ؟
جواب : احمد فراز کا اصل نام سید احمد شاہ تھا ۔ سوال نمبر 6 : کس کے مشورے پر احمد فراز نے اپنا نام سید احمد شاہ سے احمد فراز رکھا ؟
جواب: فیض احمد فیض کے مشورے پر احمد فراز نے سید احمد شاہ سے اپنا نام احمد فراز رکھا ۔
سوال نمبر 7 : احمد فراز نے ابتدائی تعلیم کہاں سے حاصل کی ؟
جواب : احمد فراز نے اپنے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے سے حاصل کی ۔ بی ۔ اے ایڈورڈ کالج پشاور سے کیا اور ایم ۔ اے اردو پشاور یونیورسٹی سے کیا ۔ سوال نمبر 8 : احمد فراز کا پہلا شعری مجموعہ کون سا ہے ؟
جواب : ” تنہا تنہا” احمد فراز کا پہلا شعری مجموعہ ہے ۔ یہ شعری مجموعہ تب منظر عام پر آیا جب احمد فراز ابھی بی ۔ اے کے طالب علم تھے ۔
سوال نمبر 9 : احمد فراز کا دوسرا شعری مجموعہ کون سا ہے ؟
جواب : احمد فراز کا دوسرا شعری مجموعہ ” درد آشوب ” ہے جس کو پاکستان رائٹر گلڈ کی جانب سے ” آدم جی ” ادبی ایوارڈ بھی ملا ۔
سوال نمبر 10 : فراز آکادمی ادبیات کے سربراہ کب مقرر ہوئے ؟
جواب : احمد فراز آکادمی ادبیات کے پہلے سربراہ 1976ء میں مقرر ہوئے ۔
سوال نمبر 11 : کس سیاسی لیڈر کے زمانے میں فراز نے حکومت کے خلاف نظمیں لکھنا شروع کیں اور اس کا انجام کیا ہوا ؟
جواب : احمد فراز بنیادی طور پر ایک باغی شاعر تھے ۔ صدر جنرل ضیاء الحق کے دور میں احمد فراز نے بغاوتی شاعری شروع کی ۔ جس کی وجہ سے انھیں جلاوطنی کی سزا بھی ملی ۔
سوال نمبر 12 : فراز کو کب ہلال امتیاز ایوارڈ سے نوازا گیا ؟
جواب : احمد فراز کو 2004ء میں صدر پرویز مشرف کے دور میں ” ہلال امتیاز ” ایوارڈ سے نوازا گیا مگر احمد فراز نے دو سال بعد ہی یہ تمغہ واپس کر دیا یہ کہتے ہوئے کہ ملک میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے ۔ اسی طرح کوہاٹ کی پبلک لائبریری کو جب ایک پلازہ کی شکل میں تبدیل کیا گیا تو احمد فراز اس قدر دل برداشتہ ہوئے کہ وصیت ہی لکھ ڈالی کہ مجھے کوہاٹ میں دفن ہی نہ کیا جائے ۔
سوال نمبر 13 : احمد فراز کا پہلا شعر کون سا ہے ؟ احمد فراز کے والد جب اپنے سب بچوں کے لیے کپڑے لے آئے ۔ ان میں جو فراز کے لیے کپڑے لائے گئے تھے وہ انہیں پسند نہ آئے اور انہوں نے اس موقع پر اپنا پہلا شعر لکھ کر اپنی ناراضی کا اظہار کیا ۔
سب کے واسطے لائے ہیں کپڑے سیل سے
لائے ہیں میرے لیے قیدی کا کمبل جیل سے
سوال نمبر 14 : فراز کی شاعری کی نمایاں خصوصیات کیا ہیں ؟
جواب : احمد فراز کے کلام میں شگفتگی کے ساتھ ساتھ قدرے تفکر بھی پایا جاتا ہے ۔ ان کی شاعری میں غمِ جاناں اور غمِ دوراں ہی نہیں بلکہ وہ ظلم و جبر اور آمریت کے خلاف کھل کر برسنے والے بادل کی سی حیثیت رکھتے ہیں ۔
سوال نمبر 15 : فراز کی پہلی ملازمت کہاں ہوئی ؟ جواب : احمد فراز کی پہلی ملازمت کراچی میں بطور اسکرپٹ رائٹر ہوئی ۔
سوال نمبر 16 : احمد فراز کس کس تحریک کا حصہ رہے ؟
جواب : احمد فراز سوشلزم ، کیپٹلزم ، کمیونسٹ اور ترقی پسند تحریک سے وابستہ رہے ۔
سوال نمبر 17 : احمد فراز نے کب وفات پائی ؟ جواب : 25 اگست 2008ء کو احمد فراز نے وفات پائی۔
سوال نمبر 18 : احمد فراز کہاں دفن ہیں ؟
جواب : اسلام اباد کے مشہور قبرستان ایچ ایٹ میں وہ دفن ہیں ۔
سوال 19 : احمد فراز کی چند ایک تصانیف کا نام لکھیں۔
جواب : اب تک احمد فراز کی شاعری کے تیرہ مجموعے شائع ہو چکے جن میں تنہا تنہا ، درد آشوب ، نایافت ، شب خون ، میرے خوا ب ریزہ ریزہ ، جاناں جاناں ، بے آواز گلی کوچوں میں ، نابینہ شہر میں آئینہ ،سب آوازیں میری ہیں ، پس انداز موسم ، خواب گل پریشاں ہے ، غزل بہانہ کروں اور عشق جنوں پیشہ وغیرہ شامل ہیں ۔
سوال نمبر 20 : احمد فراز کی کسی مشہور غزل کا مشہور شعر لکھیں ۔
جواب : فراز کی ایک مشہور غزل کا مطلع عرض ہے :
سلسلے توڑ گیا، وہ سبھی جاتے جاتے
ورنہ اتنے تو مراسم تھے، کہ آتے جاتے
ایک دو اشعار مزید لکھنا چاہوں گا جو مجھے پسند ہیں ۔
اب ترے ذکر پہ ہم بات بدل دیتے ہیں
کتنی رغبت تھی ترے نام سے پہلے پہلے
کتنا آساں تھا ترے ہجر میں مرنا جانا
پھر بھی اک عمر لگی جان سے جاتے جاتے
اب تک دل خوش فہم کو تجھ سے ہیں امیدیں
یہ آخری شمعیں بھی بجھانے کے لیے آ
نوٹ : امید ہے کہ آپ احمد فراز کی شاعری اور ان کی زندگی کے بارے میں جان چکے ہوں گے ۔ اگر اس پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی نظر آئے یا اس کو مزید بہتر کیسے کیا جائے تو کومنٹس میں ہماری ضرور اصلاح فرمائیں اور اگر اس سے متعلقہ کچھ سمجھ نہ پائیں تو بھی کومنٹس کر کے پوچھ سکتے ہیں ۔
شکریہ
Discover more from Shami Voice
Subscribe to get the latest posts sent to your email.