” نا اور نہ میں کیا فرق ہے ؟ ان کا استعمال مثالوں کے ساتھ بیان کریں ۔

 

نہ” اور ” نا” میں فرق اور استعمال

آج کی اس پوسٹ میں ہم نا اور  نہ کے بارے میں پڑھیں گے کہ ان دونوں میں بنیادی کیا فرق ہے اگرچہ بولنے میں دونوں ایک جیسے لگتے ہیں ۔

عزیز طلباء نیچے بیان کی گئی مثالوں یا تفصیلات سے ان میں فرق واضح ہو جائے گا ۔

ان شاءاللہ ۔

1۔ “نہکا استعمال

“نہ” نہیں اور مت کے معنوں اور نفی کے جملوں میں استعمال ہوتا ہے: مثلاً نہ کرو ، نہ سنو ، نہ کہو ، نہ بیٹھو ،وغیرہ ۔ 

یہ ہمیشہ جملے کے شروع اور درمیان میں آئے گا ۔ آخر میں نہیں آئے گا۔

مثلاً

نہ تم آئے نہ کھانا کھایا ، یہاں نہ بیٹھو ۔

یہ مصرعے ملاحظہ فرمائیں:

نہ گنواؤ ناوکِ نیم کش ، دلِ ریزہ ریزہ گنوا دیا

نہ چھڑا سکو گے دامن نہ نظر بچا سکو گے

2۔ “ناکا استعمال :

جب کسی بات کی تاکید کرنی ہو تو “نا ” کا استعمال ہوتا ہے ۔ ” میرے گھر آؤ نا “، ” جانے دیجیے،بچہ ہے نا “

ایک بات ہمیشہ کے لیے یاد رکھیں بلکہ پلو سے باندھ لیں۔ “نا” کبھی شروع میں نہیں آئے گا۔ لہذا، نا کرو، نا کھاؤ ، نا جاؤ ، وغیرہ لکھنا غلط ہے۔

آسان پہچان :

ان سب کے بیچ ایک اہم فرق ہے ، اسے یاد رکھیے کہ کسی جملے سے ” نا ” کو ہٹا دیا جائے تو مطلب تبدیل نہیں ہوتا، لیکن “نہ” ہٹانے سے فقرے کا مطلب بالکل الٹ ہو جاتا ہے۔

اس کی مثال ملاحظہ ہو:

وہی ہوا نا جس کا ڈر تھا ، اس فقرے میں سے نا نکالنے سے  فقرے کے مجموعی معنی میں فرق نہیں پڑتا۔ وہی ہوا نا جس کا ڈر تھا یا وہی ہوا جس کا ڈر تھا ، دونوں سے جملے کے معنوں میں کوئی فرق نہیں پڑا۔

لیکن

ناصر کیا کہتا پھرتا ہے ، کچھ نہ سنو تو بہتر ہے

دیوانہ ہے ، دیوانے کے منہ نہ لگو تو بہتر ہے

یا

نہ گنواؤ ناوکِ نیم کش ، دلِ ریزہ ریزہ گنوا دیا

ان مثالوں میں سے اگر نہ نکالا جائے تو جملے کا مفہوم مکمل طور پر الٹ جائے گا۔

امید ہے سمجھ آ گئی ہو گی ۔ اگر اب بھی کچھ دشواری ہے تو کمنٹ کریں یا مزید بہتری کے لیے تجویز عنایت فرمائیں ۔ شکریہ


Discover more from Shami Voice

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Reply